2 دسمبر 2025 - 15:57
سردار نقدی: ایران نے پورے مغرب کو شکست دے دی

سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر اِن چیف کے مشیر سردار محمد رضا نقدی نے کہا ہے کہ ایران نے دشمن کے تمام تر انٹیلی جنس، جاسوسی، میڈیا اور عسکری وسائل کے باوجود صہیونی ریاست اور اس کے تمام مغربی اتحادیوں کو شکست دے دی ہے۔

اہلِ بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، محمد رضا نقدی نے تہران میں جامعہ علم و صنعت میں منعقدہ سولہویں شبِ عاشور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی مجلس بلند ترین مقامات میں شمار ہوتی ہے اور انسانیت و ایمان کا اعلیٰ ترین درجہ یقین ہے۔

انہوں نے کہا کہ یقین، وہ بلند ترین منزل ہے جس تک انسان پہنچ سکتا ہے، اور شہید کا مقام بھی یقین ہی کا درجہ ہے۔ شہید اپنے تمام اثاثے ہوش و آگہی کے ساتھ اللہ کی راہ میں قربان کرتا ہے، کیونکہ وہ جانتا ہے کہ زندگی صرف یہ مادی دنیا نہیں بلکہ اس کے بعد ایک دائمی اور روحانی زندگی بھی ہے۔

مشیر کمانڈر اِن چیف سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے کہا کہ علم الیقین اور حق الیقین ایمان کے اعلیٰ ترین درجے ہیں، اور شہید ان درجوں تک پہنچ چکا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید اللہ کے چہرۂ حقیقی کی جانب نگاہ کرتا ہے اور اس کے خون کا پہلا قطرہ گرتے ہی اس کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔

سردار نقدی نے کہا کہ اللہ کی حجت ہر حال میں موجود ہے اور ہمیں اس پر کامل ایمان رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم ترین انسان شہادت کی آرزو رکھتے ہیں، اور اگر ہمیں شہدا کے قریب ہونا ہے تو ہمیں اپنے یقین کو مضبوط بنانا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیداری، شہید کے خون کا نتیجہ ہوتی ہے، اور شہادت کے ذریعے وہ معاشرے کو جھنجھوڑ کر حرکت میں لے آتا ہے۔

تاریخی مثالوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر دنیا کی تمام طاقتیں کسی کام کے لیے اکٹھی ہو جائیں لیکن اللہ نہ چاہے تو وہ ایک معمولی سا ذریعہ بھی تیار نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے ۱۲ روزہ جنگ میں دشمن کی سخت جنگ اور الیکٹرانک جنگ کا پوری قوت سے مقابلہ کیا اور دشمن کو ذلت آمیز شکست دی۔ ان کے مطابق، ایران نے دشمن کے تمام انٹیلی جنس، جاسوسی، میڈیا اور میدانِ جنگ کے وسائل کے باوجود اسرائیل اور اس کے تمام مغربی اتحادیوں یعنی امریکا، برطانیہ اور فرانس کو شکست دے دی۔

سردار نقدی نے کہا کہ آج دنیا بھر کے ظالم بے گناہوں کو شہید کر رہے ہیں، مگر شہدا کا خون پورے خطے کو بیدار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بعض عرب ممالک صہیونی دشمن کے سامنے جھک گئے تھے اور اسرائیل بیروت تک جا پہنچا تھا، مگر شہدا کے خون کی برکت سے حزب اللہ اور حماس نے بار بار صہیونی دشمن کو شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ آج وہ نعرے جو برسوں تک ہماری نمازِ جمعہ میں لگتے رہے، اب مشرقی ایشیا سے لے کر مغربی یورپ تک گونج رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیویارک میں، جو طویل عرصے تک صہیونی اثر و رسوخ میں رہا، آج ایسا میئر موجود ہے جو بنیامین نیتن یاہو کی گرفتاری کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیطانی طاقتوں کو جان لینا چاہیے کہ دنیا بدل رہی ہے اور جمہوریت کے نام پر ان کی ظاہری نمائش اب کارگر نہیں رہی۔

جنگ کے امکانات سے متعلق بات کرتے ہوئے سردار نقدی نے کہا کہ صہیونی ریاست کے ساتھ نئی جنگ کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ ان کے بقول امریکا اور اسرائیل دوبارہ حملے کی ہمت نہیں کر سکتے، کیونکہ ایران نے ۱۲ روزہ جنگ میں اپنی طاقت واضح طور پر دکھا دی ہے، تاہم اگر دوبارہ حملہ کیا گیا تو جواب نہایت سخت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن ہر شعبے میں اس سے کہیں زیادہ کمزور ہے جتنا وہ اپنے آپ کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے پانچ طیارہ بردار بحری جہازوں پر یمن کی جانب سے سخت میزائل حملے ہوئے اور وہ علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔

سردار نقدی نے ایران کی دفاعی طاقت اور دشمن کی کمزوریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست شدید کمزور ہو چکی ہے اور تباہی کے کنارے کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۱۲ روزہ جنگ میں ایران نے مضبوطی سے مقابلہ کیا اور میزائل حملوں کے ذریعے صہیونی حکومت کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha